15 ستمبر 2019 - 11:21
ایرانی وزیرداخلہ کا دورہ قرقیزستان

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرداخلہ نے بیشکک میں قرقیزستان کے وزیراعظم عبدالقاضی اف سے ملاقات میں کہا کہ امریکا پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا اور علاقے کے ممالک ہی باہمی تعاون کے ذریعے خطے کی سیکورٹی کو یقینی بناسکتے ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیرداخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے علاقے میں دہشت گردوں کے لئے امریکا اور صیہونی حکومت کی اسلحہ جاتی اور مالی حمایت کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور صیہونی حکومت دہشت گردوں کی حمایت کرکے علاقے میں اپنے مفادات کے درپئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا عالم اسلام میں اختلاف پیدا کرنا چاہتا ہے لیکن ایران چاہتا ہے کہ علاقے میں اتحاد اور امن و استحکام باقی رہے۔
انہوں نے قرقیزستان کے اپنے دورے میں ایران اور قرقیزستان کے مابین سیکورٹی کے شعبے میں ہونے والے معاہدے کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ایران تمام شعبوں میں قرقیزستان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
قرقیزستان کے وزیراعظم نے بھی اس ملاقات میں قرقیزستان کے لئے ایران کی مدد کی تعریف اور دونوں ملکوں کے تعلقات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک تہران کے ساتھ تمام میدانوں خاص طورپر اقتصادی میدان میں تعلقات کو فروغ دینے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے ایران کے خلاف امریکا کی ظالمانہ پابندیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ قرقیزستان ان پابندیوں کا مخالف ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169